اوکاڑہ؛ ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی کی گریڈ 19 میں ترقی، تعیناتی پر اعزازی  تقریب منعقد

103

اوکاڑہ،13اگست (اے پی پی): ضلعی افسر اطلاعات خورشید جیلانی کی گریڈ 19 میں ترقی اور ڈائریکٹر  انفارمیشن فیصل آباد تعیناتی پر ضلع کی سب  سے بڑی جامع مسجد عثمانیہ المعروف گول چوک میں ڈسٹرکٹ خطیب قاری محمد سعید احمد عثمانی نے انکے اعزاز اور شاندار خدمات کے اعتراف میں سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

اس موقع پر قاری محمد سعید احمد عثمانی نے کہا کہ خورشید جیلانی نے دوران سروسز شہر کے امن کو قائم رکھنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاکر ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اور تمام مکاتب فکر کے ساتھ برادرانہ تعلق رکھا ان کی خدمات کے اعتراف میں چودھری خورشید جیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

حافظ مسعود احمد نمائندہ پاکستان ٹیلی ویژن نیوز اوکاڑہ نے خورشید جیلانی کی خدمات پر سنہرے الفاظ میں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں قاری محمد سعید احمد عثمانی کی جانب سے علماء کرام نے ایک قرآنی آیت کی خطاطی کا نمونہ پیش کیا۔

تقریب میں مولانا غلام محمود انور،مولانا محمدالیاس، حکیم قمر لکھوی ,ظفر لطیف صوفی و ضلعی امن کمیٹی کے سید کوثر رضوی سمیت دیگر ممبران، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،صحافیوں، اور معززین شہر نے شرکت کی۔