قصور،12 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرقصور محمد ارشد بھٹی اور ڈی پی اوقصور طارق عزیز سندھو سے کسان اتحاد کے عہدیداروں کی ملاقات‘ کسانوں نے کھاد اور نہری پانی کی فراہمی، بجلی کے بلوں کی درستگی سمیت دیگر مسائل بارے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اونے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقینی دہانی کرائی‘ متعلقہ افسران کو کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مربوط پلان تشکیل دینے کی ہدایات دیں‘ اسسٹنٹ کمشنرز کو کھاد کی سرکاری نرخ ناموں پر فروخت‘ڈیمانڈ اور سپلائی کے عمل کی نگرانی کی ہدایات کیں۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے کسان اتحادکے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر زراعت کی بہتری کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے‘ نہری پانی چوری کرنیوالے افراد کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
ڈپٹی کمشنر قصورنے کہا کہ کھاد کی مقررہ قیمت پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا‘ ضلعی انتظامیہ کسانوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔











