گوجرانوالہ؛ ساتویں روز بھی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، 137افراد کے خلاف مقدمہ درج

33

گوجرانوالہ،13ستمبر (اے پی پی):الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) ریجن میں ساتویں روز بھی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، 137افراد کے خلاف مقدمہ درج، 7دنوں میں مجموعی طور پر 326بجلی چور پکڑے گئے، بجلی چوروں کو 2کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گے ، تمام کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئیں۔

 وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون ساتویں روز بھی جاری ہے۔7ستمبر سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کاروائیوں کے نتیجہ میں سٹی سرکل سے76، کینٹ سرکل سے101، گجرات سرکل سے35، سیالکوٹ سرکل سے46، نارووال سرکل سے39اور منڈی بہاولدین سرکل سے 25جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر326 بجلی چور وں کورنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاگیا ۔ مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے7لاکھ 7ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں2 کروڑ33لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چوروں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب نے بتایا کہ گذشتہ 7دنوں میں ریجن بھر سے بجلی چوروں کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،بجلی چوری میں ملوث پائے جانے والے کنکشنز میں زرعی21،کمرشل 7، انڈسٹریل 2اور296ڈومیسٹک شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 326بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کروائی گئی جن میں سے 137کے مقدمات کا اندراج ہوچکاہے جبکہ9بجلی چوروں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ ہمارے بچے کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والے بجلی چوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریجن بھر میں دن اور رات کے فرق کے بغیر کارروائیوں کا سلسلہ آخری بجلی چور کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔ انہوں نے  عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور اسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں کیونکہ بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی معزز صارفین کو بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہو ئی ہے ۔