نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی کا ہیڈکوارٹر بلوچستان کور کا دورہ

59

کوئٹہ،13ستمبر(اے پی پی): نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نے ہیڈکوارٹر بلوچستان کور کا دورہ کیا، کابینہ کے سینئر ارکان اور سول انتظامیہ کے افسران بھی ہمراہ تھے، نگران وزیراعلیٰ نے آمد پر یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

 بعد ازاں وزیر اعلیٰ کو صوبہ کی سیکورٹی صورتحال اور سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، کمانڈر   بلوچستان کور لیفٹننٹ جزل آصف غفور نے فورم کو چیف آف آرمی سٹاف کی ہدایات پر گزشتہ ایک سال سے جاری حکمت عملی سے آگاہ کیا جس میں بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی بنیادی پہلو ہے اور سیکورٹی فورسز اس کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عمل پیرا ہیں۔

 نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان  نے صوبہ میں امن اور ترقی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور شہداء نے  مادر وطن کی بقا کے لیے عظیم قربانیاں دی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر صوبے کے امن اور ترقی کے لیے کام کریں گے جو ملکی امن اور ترقی میں مددگار ہو گا۔