میرپورخاص؛ کمشنر فیصل احمد عقیلی کا بنیادی صحت مرکز مکھن سمون, میرواہ گورچانی کا اچانک دورہ

14

میرپورخاص،14ستمبر(اے پی پی):ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی  نے  ڈپٹی کمشنر میرپورخاص رشید مسعود کے ہمراہ پی پی ایچ آئی کے زیر نگرانی چلنے والے بنیادی صحت مرکز مکھن سمون کا اچانک دورہ کیا ۔اس موقع پر انہوں نے صحت مرکز میں موجود سہولیات کا جائزہ لیا اور  بنیادی صحت مرکز میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کے متعلق آگاہی لی ۔انہوں نے کہا کہ بنیادی صحت مراکز میں بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ بہتر ماحول فراہم ہونا بھی اہمیت کا حامل ہے ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی میرپورخاص جیٹھانند نے بتایا کہ پی پی ایچ آئی کے زیر نگرانی ضلع میرپورخاص میں 98 صحت مراکز کام کر رہے ہیں جس میں سے 24 صحت مراکز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود نے ڈی ایم پی پی ایچ آئی کو ہدایت کی کہ اس صحت مرکز کے ذریعے عام بیماریوں کے علاوہ موذی  مرض سے بچاؤ کے لیے زیادہ سے زیادہ کمیونٹی میں کام کرنے والی ہیلتھ وزیٹرز کی مدد سے فائدہ پہنچایا جائے ۔

دورے کے دوران ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی میرپورخاص جیٹھانند ، پی ایس  ٹو کمشنر غلام مصطفی یوسفانی (بابو) ، ڈائریکٹر اطلاعات میرپورخاص غلام رضا کھوسو بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

بعد ازاں  ڈویزنل کمشنرنے  ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ بنیادی صحت مرکز میرواہ گورچانی کابھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کے تعاون سے ہی بنیادی صحت مرکز میرواہ گورچانی صحت کی بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی کو ہدایت کی کی جو بھی بنیادی صحت مراکز میں ضروریات ہیں ان کی رپورٹ دی جائے تاکہ انہیں حل کروایا جا سکے ۔

اس موقع پر میرواہ گورچانی بنیادی صحت مرکز کی انچارج ڈاکٹر قرۃ العین مغل بھی موجود تھیں ۔