ٹنڈومحمدخان میں  ممنوعہ اشیاء فروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی؛ ایس ایس پی سید سلیم شاہ

17

ٹنڈومحمدخان،14ستمبر(اے پی پی): ایس ایس پی سید سلیم شاہ نے کہا کہ آئی جی سندھ نےضلع سے ممنوعہ اشیاء پر سو فیصد کنٹرول کی ہدایت کی ہے،کوئی چاہے کتنا ہی بااثر کیوں نا ہو اسے ممنوعہ اشیاء فروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، صحافی میرے مشن میں میرا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ نے ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان سے ممنوعہ اشیاء پر سو فیصد کنٹرول کی ہدایت کی ہے، میرا مشن ضلع  ٹنڈومحمدخان کو ممنوعہ اشیاء سے پاک کرنا ہے، اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں تاکہ ممکنہ جرائم کی نشاندہی میں آسانی ہو سکے۔

ایس ایس پی سید سلیم شاہ  کا کہنا تھا کہ ضلع  ٹنڈومحمدخان کی تمام یونین کونسلز میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کروں گا، تاکہ وہ افراد جو پولیس اسٹیشن تک نہیں پہنچ پاتے ہیں، ان کے مسائل ان کے علاقے میں حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈومحمدخان کے تاجروں نے بھی میرے مشن کی حمایت کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے میں ممنوعہ اشیاء سمیت جرائم کو سامنے لانے میں پولیس کی مدد کریں۔