ڈیرہ غازی خان میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن ،200 گرفتار،مقدمات درج

22

 

ڈیرہ غازی خان، 15 ستمبر(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں بجلی چوروں کے خلاف جاری  کریک ڈاؤن میں 280 سے زائد بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور  200 بجلی چور گرفتار کر لئے گئے۔

ڈی پی او ڈیرہ غازی خان حسن افضل کی ہدایت پر ڈی جی خان پولیس کا واپڈا حکام کے ہمراہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اوراب تک بجلی چوروں کے خلاف 280 سے زائد مقدمات درج کر کے200 سے زائد بجلی چور گرفتار کر لئے گئے ہیں ۔اس حوالے سے  ڈی پی او  نے کہا ہے کہ واپڈا حکام کو بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایک جامع پلان تشکیل دے دیا گیا ہے اور واپڈا حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بجلی چوروں کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری نہ صرف ملکی خزانہ کے لئے نقصان دہ ہے  بلکہ عام عوام پر بوجھ کا باعث بھی بنتی ہے،اس مجرمانہ فعل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بجلی چور ہمارے معاشرے کے مشترکہ دشمن ہیں عوام کو چاہیے کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس اور واپڈا حکام کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ بجلی چوروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی گرفتاری کے فوراً بعد چالان کیا جائے گا۔