بھکر؛ ڈی سی کا مختلف سکولوں کا دورہ، مختلف امور کا جائزہ لیا

56

بھکر،16ستمبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے شہر کے مختلف سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور گورنمنٹ ہائی سکول سی ٹی ٹی ایم اور گورنمنٹ ماڈل ایلمنٹری سکول چاہ چمنی کے دورہ کے دوران سکول ڈسپلن پر عملدرآمد ،اساتذہ کرام کی حاضری ،صفائی ستھرائی کے نظام سمیت طلباء کے یونیفارم کو چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام طلباء کیلئے رول ماڈل ہوتے ہیں، صاف و شفاف لباس زیب تن کریں اور بچوں کو بھی صاف ستھرا یونیفارم رکھنے کے حوالہ سے خصوصی تلقین کی ۔

ڈپٹی کمشنر نے کلاس رومز کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، کلاس رومز کو صاف ستھرا رکھا جائے، صاف ستھرا ماحول بچوں کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاونت فراہم کرتا ہےاور طلباءخوشگوار احساس محسوس کرتے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز کے دورہ کے موقع پر بچوں سے نصابی سرگرمیوں بارے دریافت کیا اور مختلف سوالات پوچھے۔ انہوں نے سکولوں کی انتظامیہ کو خصوصی تاکید کی کہ ٹوائلٹس کو ہمہ وقت ستھرا رکھا جائے اس سلسلہ میں کوتاہی نہ برتی جائے ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ تعلیم کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا جاسکے۔