میرپورخاص،4 اکتوبر،( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کرنے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لیے کانٹیجنسی پلان تیار کر کے فراہم کئے جائیں تاکہ پیشگی انتظامات کو ممکن بنانے میں مدد مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال میں ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران سے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی جانب سے تمام تر انتظامات اور موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے حکمت عملی اپنائیں تاکہ ضلع بھر میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے تاکہ متاثرہ افراد کی مشکلات کو کم کیا جا سکے ۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ اس ضمن میں جو بھی درپیش مسائل ہیں انہیں فوری طور پر حل کیے جائیں ۔ اجلاس میں محکمہ زراعت ، آبپاشی ، صحت ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، حلال احمر ، حیسکو ، لائیو اسٹاک ، ایل بی او ڈی ، روینیو اطلاعات اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے اپنے محکمے کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے متعلق تفصیلی آگاہی دی اور اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام دستگیر شیخ، تمام تحصیلوں کے اسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی .











