جیکب آباد،07 اکتوبر (اے پی پی): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے بہت سی قربانیاں دی ہیں،انشاللہ اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی،الیکشن جب بھی ہونگے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے سابقہ ایم پی اے سردار منظور خان پہنور اور سابقہ ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی کے انتقال پر ورثاء سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 9 مئی واقعات سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں گھر گھر جا کر پارٹی منشور کے بارے میں لوگوں کو بتانا ہے،الیکشن جب بھی ہونگے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے،بہت سی اسکیموں پر کام چل رہیں ہے، الیکشن کی وجہ سے سارے کام کو روک دیا گیا ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بہت نقصانات ہوئے ہیں،آج بھی سیلاب متاثرین پریشان دکھائی دے رہیں ہیں اب تک متاثرین کے گھر مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ سندہ سید مراد علی شاہ ،سابق صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ ،پولیٹیکل ایڈوائزر جمیل احمد سومرو ،سابق صوبائی مشیر اعجاز خان جکھرانی، ڈاکٹر سہراب خان سرکی، چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو ذرداری کے ہمراہ تھے۔











