ڈیرہ غازی خان،14 اکتوبر (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن جاری،296 دکاندار گرفتار، 36 لاکھ روپے جرمانے عائد کر دیے۔اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اس موقع پر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔اجلاس خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی سخت کارروائیاں جاری ہیں اور تمام مجسٹریٹس کو بلا امتیاز کارروائی کرنے کے سختی سے احکامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں اشیاء خوردونوش کے ناجائز منافع خوروں کے خلاف گھیرا نزید تنگ کیا جائے اور دکاندار سرکاری نرخ پر اشیاء خوردونوش کی فروخت یقینی بنائیں اور نرخنامے دکان کی نمایاں جگہوں پر آویزاں کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ منڈیوں سے بھی پھل اور سبزیوں کے نرخ کنٹرول کئے جائیں اور ہر نیلامی کی نگرانی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔کمشنر نے کہا کہ حکومت کسی کا معاشی قتل نہیں چاہتی تاہم ایکٹ کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرینگے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گیارہ روز کے دوران ڈویژن میں ناجائز منافع خوروں کو 36 لاکھ روپے جرمانے عائد کئے گئے اور مقدمات درج کرکے 296 دکاندار گرفتار کئے گئے ہیں ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے 14 کاروباری مراکز بھی سربمہر کرا دئیے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں مجسٹریٹس نے مارکیٹوں کے32070 معائنے کئے اور 2665 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی ورزی پائی گئی۔











