اوکاڑہ،15 اکتوبر( اے پی پی ):صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ و سابق ایم این اے چوہدری سجاد الحسن نے کہا ہے کہ پی پی پی فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہے فلسطینی عوام کا بھٹو سے عقیدت کا رشتہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں اوکاڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 18 اکتوبرکو سانحہ کارساز کراچی کے شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ سطح پر تقریبات و پروگرام مرتب کرے گی جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے براہ راست خطاب کرینگے جس کے لئے 18اکتوبرکواوکاڑہ میں سکندر چوک میں بھرپور اجتماع ہوگا۔
بڑی سکرین لگائی جائے گی جہاں کارکنان سمیت پارٹی اور الائیڈز ونگز کے عہدیداران جمع ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی جمہوریت کی مضبوطی ملک اور عوام کی بہتری کے لئے کردار ادا کرنے والے شہداءکی عظیم قربانیوں پر انہیں بھرپور خراج عقیدت، پیش کیا جائے گا۔
چیئرمین پی پی پی آئندہ عام انتخابات کے حوالہ سے ضروری ہدایات جاری کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد کی امیدوں کا محور بلاول بھٹو زرداری ہیں،آئندہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ سے بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہونگے۔











