لاہور، 21 اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے نیدرلینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور فلسطین کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فلسطین میں معصوم بچوں اور شہریوں پر بمباری اور مظالم تکلیف دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ لوگوں کے درمیان روابط دو طرفہ تعاون کے فروغ میں بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی ، تعلیمی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مذید وسعت ملے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نیدرلینڈز کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مذید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میںبین الاقوامی کمپینوں کے لئے بزنس کرنے کے ساز گار مواقع موجود ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(SIFC) کے ذریعہ کاروبار، زراعت اورمختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولیات دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکوں میں ترقی کا دارومدار صنعت و حرفت میں ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری پر ہے۔
نیدرلینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کی کمپنیاں پاکستان میں ڈیری ، لائیو سٹاک، ویٹرنری اور زراعت سمیت دیگرکئی شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعلقات کو تجارت کے شعبے میں مزید فروغ دینے کے لیے کردار ادا کریں گی۔











