ملتان، 28 اکتوبر (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے تحصیل جلالپور پیر والا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کی انسپکشن کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والہ مرزا راحیل بیگ نے بریفنگ دی۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر رضوان قدیر نے مریضوں سے ملاقات کی اور سرکاری ادویات کا ریکارڈ چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے اور وارڈز کی حالت زار بھی بہتر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بہترین طبی سہولیات فراہم کررہا ہے، ضلعی انتظامیہ کا شعبہ صحت کی بہتری کیلئے خصوصی فوکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کا تحصیلوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے تاکہ ہر شہری کو اسکی دہلیز پر علاج و معالجہ کی سہولت حاصل ہوسکے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں گائنی ،ایمرجنسی ،حفاظتی ٹیکہ جاتاور آؤٹ ڈور میں تمام علاج و معالجہ مکمل مفت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہاسسٹنٹ کمشنرز کو طبی مراکز کی روزانہ انسپکشن کے احکامات دیے ہیں ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور احکامات جاری کئے۔











