ملتان؛علامہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں اور ان جیسا شاعر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے، مقررین کا علامہ اقبال کانفرنس سے خطاب

63

ملتان، 08 نومبر(اے پی پی ):علامہ اقبال ایک آفاقی شاعر ہیں اور ان جیسا شاعر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے جو اپنی شاعری سے قوموں کی تقدیر بدلنے کا خاصہ رکھتے ہوں، اقبال صرف ایک شاعر ہی نہیں بلکہ فلسفی، دانشور سیاستدان اور درویش تھے۔

 ان خیالات کا اظہار مقررین نے ینگ پاکستانیز ارگنائزیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن فیکلٹی آف فوڈز سائنسز اینڈ نیوٹریشن بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیرِ اہتمام انیبلرز کالج آف ٹیکنالوجی ملتان اور فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے یومِ ولادت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال  کے موقع پر منعقدہ علامہ اقبال کانفرنس 2023 سے خطاب میں کیا۔جسکی صدارت ڈین فیکلٹی آف فوڈز سائنسز اینڈ نیوٹریشن بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان   پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے کی۔

مہمانانِ خصوصی میں ضلعی صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، سیاسی رہنما و قائد سید گروپ بیرسٹر سید عابد امام شاہ، صدر ینگ پاکستانیز ا رگنائیزیشن نعیم اقبال نعیم،چئیرمین ڈیپارٹنمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان  پروفیسر ڈاکٹر توصیف سلطان،چئیرمین فوڈز سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض، ریجنل پروگرام منیجر سپیرئیر گروپ آف کالجز شیخ عادل فاروق، ڈائریکٹر انیبلرز گروپ ملتان فاطمہ خان، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم افضل، ممتاز مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو، ماہر تعلیم پروفیسر اعظم حسین اور ممبر ایگزیکٹو باڈی ینگ پاکستانیز ارگنائزیشن رشید عباس خان شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، بیرسٹر سید عابد امام شاہ اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ علامہ اقبال، اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے، انہیں اس بات کا یقین تھا کہ جب تک دنیا کی امامت و قیادت مردِمومن کے ہاتھوں میں نہیں آئی  گی اس وقت تک انسانیت اسلام دشمنوں کے ہاتھوں ہلاکت و بربادی سے دوچار رہے گی اور آج اس کی زندہ مثال فلسطین دنیا کے سامنے ہے، وقت ہم سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہم پاکستان کو اقبال کے خواب کی حقیقی تعبیر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور پروفیسر ڈاکٹر توصیف سلطان نے کہا کہ شاعر مشرق کا پیغام ہمارے لے مشعل راہ ہے، امت مسلمہ سے محبت علامہ اقبال  کے خون میں رچی بسی تھی چنانچہ مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑا دیکھ کر ان کی روح بے قرار ہوجاتی تھی، امت مسلمہ سے متعلق آپ کی گہری فکر آج حرف بہ حرف پیشین گوئی کی حیثیت سے پوری ہورہی ہے۔

 تقریب سے فاطمہ خان، عائشہ خان، پروفیسر عبدالماجد وٹو، ڈاکٹر خرم افضل، پروفیسر اعظم حسین، ڈاکٹر عدنان،ڈاکٹر طارق اسماعیل، اقراء بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال عصری تقاضوں کے ہم آہنگ تعلیمی فروغ کے سب سے بڑے حامی تھے اور ان کی شاعری اس بات کی عکاسی کرتی ہے۔ نوجوانوں کو اقبال جیسا علم شناس اور کتاب کا قدر دان بننے کی ضرورت ہے۔

 آخر میں مہمانان گرامی میں علامہ محمد اقبال علمی، ادبی ایوارڈز تقسیم کئیے گئے جبکہ پروفیسر عبدالماجد وٹو نے شہداءفلسطین کے لئے اور فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔