وزیراعلی محسن نقوی کا پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈکا دورہ ، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیا

20

 

لاہور،11نومبر  (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈکا دورہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت پی اینڈڈی بورڈمیں اہم اجلاس میں فلاح عامہ کے جاری 43 ترجیحی منصوبوں پر پیشرفت کاجائزہ لیاگیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے ڈرون فوٹیج کے ذریعے 43 منصوبوں پرہونے والی پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔

چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے ہر پراجیکٹ کی ڈرون فوٹیج کے ذریعے فزیکل  پرا گریس کے بارے میں بریف کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے متعلقہ سیکرٹریز کو ہدایات دیں۔

اجلاس میں شاہدرہ ملٹی گریڈ فلائی اوور، امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج،اکبر چوک فلائی اوور،رنگ روڈ سدرن لوپ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔گوجرانوالہ کو سیالکوٹ لاہور موٹروے سے لنک کرنے کے لئے واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کی تعمیر،فیصل آباد میں عبداللہ پور فلائی اوور، گجومتہ تا قصور فیروز پور روڈ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلی محسن نقوی نے ملتان شجاع آبادفلائی اوورمنصوبے پر کام کی رفتار میں سست روی پر تشویش کااظہارکیا اورمنصوبے پرکام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نئے جی او آر، سروسز،گنگارام، لیڈی ولیگٹن، میو اورجنرل سمیت دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ورک پر پیشرفت کاجائزہ لیا گیا جبکہ لاہور چڑیا گھر او رسفاری پارک کی اپ گریڈیشن،فیصل آباد، راولپنڈی اورگوجرانوالہ سیف سٹی اتھارٹی پراجیکٹس کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں کیڈٹ کالج ملتان، گوجرانوالہ یونیورسٹی کے قیام اور ملتان کے قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور پارک کے قیام کاجائزہ لیا گیا۔شرکا کو پی اے ایف ڈی اے لیبارٹری او ربائیو گیس پلانٹس کے بارے میں بھی بریف کیاگیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پنجا ب فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمداشرف طاہر مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اجلاس کے شرکا نے ڈاکٹر محمداشرف طاہر مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرمحمد اشرف طاہر مرحوم ایک اثاثہ تھے۔ فرانزک سائنس کے شعبے میں ڈاکٹر محمد اشرف طاہر مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

صوبائی وز یر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل،چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔