پشاور ؛ شادی کے روز قتل ہونے والے دلہا کے کیس کا ڈراپ سین ہوگیا

15

 

پشاور، 14نومبر(اے پی پی): کیٹپل سٹی پولیس پشاور کے فقیر آباد ڈویژن پولیس نے اہم کارروائی کے دوران فقیرآباد کے علاقہ مین چارسدہ روڈ پر شادی کے روز قتل ہونیوالے دلہا عدنان ولد عمر دراز سکنہ انڈسٹریل سٹیٹ کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔

 پشاور میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 11 نومبر کو چارسدہ روڈ پر بارات میں دلہے کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں دلہا جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا تھا۔

انہوں نے کیس بارے میڈیا کو تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ملزم جلال ولد فضل مولا نے مورخہ 11نومبر کو بارات لے جاتے ہوئے دلہے عدنان کو قتل کیا تھا جس سے علاقہ میں خوف کا ماحول بن گیا تھا۔ پولیس نے 48گھنٹوں کے اندر اندر دن رات محنت کرتے ہوئے نہ صرف اندھے قتل کا سراغ لگایا بلکہ ماسٹر مائنڈ دلہن اور اس کے اشناءکا بھی سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔

مذکورہ افسوس ناکہ واقعہ کا سی سی پی او سید اشفاق انور اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف افتاب عباسی نے سخت نوٹس لیکر ملوث ملزمان کا سراغ لگانے اور گرفتار کرنے کیلئے ایس پی فقیر آباد ڈویژن اسامہ امین چیمہ کی نگرانی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی ،اے ایس پی فقیر آباد سید طلال احمد کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ فقیرآباد کامران خان، تفتیشی افسران اور سی ایف یو ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر علاقے کی جیو ٹیگنگ، جیو فینسنگ کیساتھ ساتھ مسلسل استعمال ہونے والے موبائل فونز نمبرات کے ڈیٹا کو جامع تفتیش میں شامل کیا اور تکنیکی بنیادوں پر جامع تفتیش کے دوران ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر ملزم جلال ولد فضل مولا سکنہ مسلم آباد چارسدہ حال حضرت بابا پشتخرہ اور ملزمہ دلہن مسماة (س)دختر جہانگیر سکنہ چارسدہ حال لڑمہ کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے بتایا کہ ملزمہ کا ملزم کیساتھ کافی عرصہ سے تعلق تھا، دونوں آپس میں قریبی رشتہ دار بھی ہیں اور وہ آپس میں شادی کرنا چاہتے تھے مگر گھر والے خلاف تھے، اسلئے سب کے انکار پر دونوں نے ملکر مقتول کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ واردات کی شب ملزمہ نے ملزم کو مختلف نمبرات سے مقتول کی لوکیشن کے بارے میں آگاہ کیا، تاہم ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔