بورڈ آف ریونیو کا اجلاس،ضلع بھر کے انتظامی دفتران میں لائیو کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

21

 

پشاور،18 نومبر(اے پی پی):  نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس(ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلی نے صوبہ بھر کے پٹوار خانوں،  تحصیلدار ، اے سی، ڈی سی، ڈی پی او، ڈی ایس پی آفسز اور تھانوں میں لائیو کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رواں ماہ کے آخر تک مذکورہ تمام  دفاتر میں کیمروں کی تنصیب مکمل کر دی جائے، جبکہ ان کیمروں کی براہ راست مانیٹرنگ کے لئے مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعلی ٰنے کہا کہ ان کیمروں تک چیف منسٹر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی آفیسر کو آئی پی نیٹ ورک کے ذریعے براہ راست رسائی دی جائے، جبکہ ان دفاتر میں کیمروں کی تنصیب کے لئے آج ہی تحریری احکامات جاری کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کے ان دفاتر کے جملہ امور کو شفاف بنانے کے لئے کیمروں کی تنصیب انتہائی ضروری ہے، صوبہ بھر کے محافظ خانوں میں ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لئے آگ بجھانے والے آلات نصب کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ  ریونیو معاملات سے متعلق عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے کمپلینٹ ریڈرسل کے نظام کو فعال بنایا جائے۔

اجلاس میں ڈیجیٹائزیشن آف لینڈ ریکارڈ پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کو اس سال کے آخر تک منصوبے کو ہر صورت مکمل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔

ارشد حسین نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کہاکہ روایتی پٹوار نظام کو تبدیل کرنا ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ روایتی پٹوار نظام کے ہاتھوں غریب عوام پریشان  ہیں،عوام کے ساتھ یہ زیادتی مزید برداشت نہیں کی جائے گی،   لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر اعلی نے بورڈ آف ریونیو کے اعلی حکام باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کرکے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لینے اور تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں روزانہ کم سے کم ایک پٹوار خانے کا وزٹ کریں، ساتھ ہی تمام ڈی پی اوز روزانہ ایک پولیس اسٹیشن کا وزٹ یقینی بنائیں، لوگوں کی شکایات سن کر ان کے حل کے لئے اقدامات کریں، کیونکہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور خراب کارکردگی والے افسران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 اجلاس میں لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل کے لئے نگران صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ بھی ہوا۔ٹاسک فورس منصوبے پر عملدرآمد کو جائزہ لینے کے لئے روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس منعقد کرکے وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گا۔ اسکے علاوہ منصوبے کی تکمیل پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔