سرگودھا ؛وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر معذور افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے رجسٹریشن شروع

93

سرگودھا ،21 مئی (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر معذور افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے لیے تاریخ ساز اقدام کا آغازسرگودھا میں بھی کر دیا گیا ہے۔سرکاری و غیر سرکاری ملازمتوں میں 3 فیصد کوٹہ،فنی تعلیم و مالی معاونت،ماہانہ تعلیمی وظائف،بلا سود قرضہ جات کی فراہمی،پبلک ٹرانسپورٹ بشمول بس،ٹرین،ہوائی جہاز کے کرایوں میں خصوصی رعایت جیسی تمام سہولیات بارعایت فراہم کرنے کے لئے پنجاب بھر کی طرح سرگودھا کے تمام معذور افراد کو رجسٹرکیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا  کہ سرگودھا ڈویژن میں ٹوٹل 27 کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفس قائم ہیں جس میں سرگودھا میں 12خوشاب میں 6میانوالی میں 4 اور بھکر میں 5کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفس ہیں جو تقریبا 3ہزار 6سو 66افراد کو رجسٹر کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی رجسٹریشن مہم وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے ”ریاست ہوگی ماں کے جیسی“ کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔افراد باہم معذوری کی فلاح و بہبود کیلئے جامع منصوبہ بندی اور سہولیات کی فراہمی کے عملی اقدام جاری ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سرگودھا شاکرہ نورین کہا کہ پہلے سے رجسٹرڈ افراد باہم معذوری دیئے گئے پورٹلwww.dpmis.punjab.gov.pk/login پر کلک کر کے اپنے کوائف کا درست اندراج یقینی بنوائیں۔