حالیہ جنگ کے بعد پاکستان کا وقار بلند ہوا،جھوٹی خبروں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے،ہمیں اپنی اصلاح کر نا ہوگی،سردار سلیم حیدر خان

20

لاہور۔31جولائی  (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے بعد دنیا میں پاکستان کا وقار  بلند ہوا ہے،جھوٹی خبروں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیئے،ہمیں اپنی اصلاح کر نا ہوگی،معاشرے کو سنوارنے اور اپنی آئندہ نسلوں کی تربیت کیلئے صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں پریس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام جعلی خبروں اور قومی سلامتی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر صحافی سلمان غنی (ستارہ امتیاز) اور نصراللہ ملک (تمغہ امتیاز) نے بھی اظہارِ خیال کیا۔تقریب میں صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات پر سلمان غنی اور نصراللہ ملک کو ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں بڑی مثبت گفتگو ہوئی،سلمان غنی اور نصر اللہ ملک نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دار صحافت کی۔یہ ملک اللہ کا انعام ہے،ہمیں سب سے پہلے اپنی اصلاح کرنا ہوگی۔معاشرے کو سنوارنے اور اپنی آئندہ نسلوں کی تربیت کے لیے صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ کے بعد پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے۔آج دنیا کی سپر پاورز پاکستان کی تعریف کر رہی ہیں۔یہ جنگ ہمارے لیے کسی انعام سے کم نہیں تھی،ہمیں پاکستان نے بہت کچھ دیا،اب ہمیں بھی اسے کچھ واپس دینا ہوگا۔ گورنر پنجاب نے خطاب کے دوران اپنے ساتھ  پیش آئے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خبر سوشل میڈیا پر بغیر تحقیق کے پھیلائی گئی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہم سینئر صحافیوں سے سیکھیں اور سچ کی بنیاد پر صحافت کرنا وقت کی ضرورت ہے۔چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان ارشد خان جدون نے اپنے خطاب میں کہا کہ جعلی خبروں کو کنٹرول کرنا پریس کونسل آف پاکستان کی ذمہ داری ہے اور ہم اس پر پورے ملک میں کام کر رہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ہر  جامعات اور درسگاہوں میں جاکر طلبہ کو اس حساس مسئلے پر آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی مقدم ہے،جعلی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔ایک صحافی کی سب سے بڑی ذمہ داری سچ عوام تک پہنچانا ہے۔سینئر صحافی سلمان غنی (ستارہ امتیاز) نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں اور قومی سلامتی آج کے دور کے اہم ترین مسائل ہیں،پاکستانی میڈیا نے22  اپریل سے 10  مئی تک ذمہ دارانہ رپورٹنگ کر کے مثبت کردار ادا کیا،دشمن جعلی خبروں کے ذریعے افرا تفری پھیلانا چاہتا ہے،سوشل میڈیا پر دشمن کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے،دشمن کی کوشش ہے کہ پاکستان میں امن اور معاشی استحکام نہ آئے،ہماری صحافت قومی مفادات سے منسلک ہے،ہمیں اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنا ہوں گی۔سلمان غنی نے کہا کہ میں پریس کونسل آف پاکستان اور گورنر پنجاب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا۔پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا  کہ پاکستان پریس کونسل (پی سی پی) کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔مشکلات آتی رہتی ہیں،سختی اور لالچ کے مواقع بھی درپیش ہوتے ہیں لیکن ایسے حالات میں سچ کا بول بالا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک قانون سازی پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد نہیں ہوگا،اس وقت تک اس کے نتائج موثر ثابت نہیں ہو سکتے،ٹیکنالوجی کے متعدد ٹولز بھی فیل ہو چکے ہیں،میڈیا کو چاہیے کہ وہ اخلاقی اصولوں کو اپنائے اور اپنی ذمہ داری کا بھرپور احساس کرے۔ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ فیک نیوز کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے،جس سے نہ صرف عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے بلکہ قومی سلامتی و وحدت کو بھی نقصان کا اندیشہ ہے،قومی سطح پر ایک بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو درست اور جھوٹی خبروں میں فرق کرنا سکھایا جا سکے۔سینئر صحافی نصراللہ ملک (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جعلی خبروں کا بڑھتا ہوا رجحان ایک بڑا چیلنج ہے،لوگ اب جھوٹ سننے کے عادی ہو چکے ہیں،اسی لیے جھوٹی خبریں زیادہ پھیل رہی ہیں اگر جھوٹ کو خریدنے والا کوئی نہ ہو تو جھوٹ پھیل نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹ بیچا جا رہا ہے اور لاکھوں لوگ اسے دیکھ رہے ہیں،ہمیں اپنے بچوں کی درست سمت میں تربیت کرنا چاہیے تاکہ وہ سچ اور جھوٹ میں فرق کر سکیں۔نصراللہ ملک نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ وہ منفی خبروں کی بجائے مثبت پہلو اجاگر کرے تاکہ معاشرے میں بہتری آئے۔تقریب کے آخر میں گورنر پنجاب کی طرف سے پریس کونسل آف پاکستان ارشد خان جدون ، سینئر صحافیوں سلمان غنی ، نصراللہ ملک اور پرو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود کو شیلڈ پیش کی گئی۔