لاہور، 31 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولٹری ریگولیٹری میکنزم، قیمتوں کے کنٹرول، پیداوار، پولٹری سپلائی چین اور مارکیٹنگ سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول و کمیوڈیٹیز مینجمنٹ سلمہ بٹ، سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ، اور سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مارکیٹ میں چکن کی قیمتوں میں استحکام اور سپلائی چین کو مؤثر رکھنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کو سستے داموں چکن کی فراہمی حکومت کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان برائلر ایسوسی ایشن کے نمائندگان، بروکرز اور سپلائرز کی باقاعدہ رجسٹریشن وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ متعلقہ قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی۔ سید عاشق حسین کرمانی نے یقین دلایا کہ حکومت پولٹری انڈسٹری کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل سپورٹ، سہولیات اور ان کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ معاون خصوصی سلمہ بٹ نے بتایا کہ پولٹری کاروبار سے وابستہ افراد کو کولڈ اسٹوریج پلانٹس لگانے اور مشینری درآمد کرنے کے لیے ڈیوٹیز میں نرمی اور بلاسود قرض اسکیم متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لائیو اسٹاک (ٹیکنیکل)، ڈی جی ریسرچ، ڈی جی توسیع لائیو اسٹاک، ڈی جی کمیوڈیٹیز عمران قریشی، اور کنسلٹنٹ محکمہ کمیوڈیٹیز آصف سلمان ساہی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔











