لودھراں ,14 اگست) اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے پاکستان کا 78 واں یوم آزادی قومی جوش وخروش اور ملی جذبے کے تحت منایا گیا ۔جشنِ یومِ آزادی کے حوالے سے ضلع کی مرکزی تقریب ضلع کونسل لودھراں میں منعقد کی گئی ۔ جشنِ آزادی کی تقریب کا آغاز باقاعدہ سائرن بجا کر کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے ضلع کونسل کے سبزہ زار میں منعقدہ تقریب میں رسم پرچم کشائی ادا کی ۔ تقریب میں پنجاب پولیس، ریسکیو ایمرجنسی، پیرا فورس کے چاک و چوبند دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا ۔ دریں اثنا تقریب میں ایک منٹ کے لیے خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی شاندار جیت نے یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کی جارہیت کا دندان شکن جواب دیا ہے۔ اس موقع پر تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں ارم شہزادی ، سی او ضلع کونسل راؤ محمد علی سیاسی و سماجی شخصیات شیخ سیف الدین سیفی و دیگر شریک تھے ۔ یومِ آزادی کے حوالے سے رنگارنگ تقریب میں طلباء و طالبات نے تقاریر ،ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش گے۔











