لاہور، 10 اکتوبر (اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری مراد خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان کے والد، سابق ڈپٹی میئر لاہور سواتی خان مرحوم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ رانا مشہود احمد خان نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سواتی خان مرحوم مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ تھے، جنہوں نے مشکل وقت میں بھی پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سواتی خان مرحوم ایک مخلص، وفادار اور عوام دوست سیاسی رہنما تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ پارٹی کے لیے ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہم ان کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی مہوش سلطانہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی مراد خان سے ان کے والد کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔











