ملتان ،13اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کبوتر منڈی پارک کا دورہ کیا اور پارک کی مجموعی حالت زار کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے پارک میں صفائی ستھرائی، عوامی سہولیات اور انتظامات کا معائنہ کیا۔کمشنر نے بچوں کے لیے جھولے نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پی ایچ اے کو فوری طور پر جھولے نصب کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واکنگ ٹریک کو بہتر اور ہموار بنانے، ٹوٹی ہوئی پانچ بینچز تبدیل کرنے اور نئی بینچز نصب کرنے کے بھی احکامات جاری کیے،عامر کریم خاں نے رات کے اوقات میں روشنی بحال رکھنے کے لیے خراب گارڈن لائٹس فوری درست کرنے کی ہدایت دی، جبکہ پارک میں قائم میاواکی جنگل کی صفائی اور گھاس تراشنے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے شوکت اسلام اسکول کی دیوار کے ساتھ خالی جگہ پر بانس لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارک کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے۔کمشنر نے کہا کہ عوامی پارک شہریوں کے لیے تفریحی مراکز ہیں، ان کی صفائی، خوبصورتی اور بحالی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











