لاہور، 06 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے زیر صدارت محکمہ داخلہ میں وفاق المدارس السلفیہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان الحمدللہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کی ترقی کے لیے ریاست سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان امن، بھائی چارے اور تشدد کے خاتمے کی علمبردار ہے، جبکہ قیام امن کی ذمہ داری معاشرے کے تمام طبقات پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کی سنت پر عمل کرنے والے علمائے کرام امت مسلمہ کا فخر ہیں اور حکومت علما سے رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
سیکرٹری محکمہ داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور روزمرہ زندگی میں استحکام برقرار رکھنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور علمائے کرام کا فریضہ ہے کہ وہ عوام کو دین کی اصل روح سے آگاہ کریں۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک میں امن، سکون اور بھائی چارے کے قیام کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علما کو یکجا ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔











