ملتان ، 10دسمبر(اے پی پی):ملتان میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں جیکا کے تعاون سے سکول نیوٹریشن فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں متعدد طالبات نے شرکت کی اور مختلف اسٹالز قائم کیے گئے۔پروگرام کا مقصد بچوں میں غذائی آگاہی اور صحت مند خوراک کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب، محمد امین اویسی نے خصوصی شرکت کی اور اسٹالز کا دورہ کرتے ہوئے بچوں سے ملاقات کی۔ فیسٹیول میں جیکا کے منتظمین بھی شریک ہوئے، جنہوں نے پروگرام کے اہداف اور بچوں کی غذائی تعلیم میں اپنا کردار اجاگر کیا۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں سپیشل سیکرٹری جنوبی پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول جیکا کے تعاون سے منعقد کیا گیا اور بچوں کو غذائی قلت کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی گئی، کیونکہ بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب میں بچوں کو معیاری تعلیم کے تمام مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، سکولوں میں بچوں کی حاضری باقاعدگی سے چیک کی جا رہی ہے، اور اساتذہ کی حاضری اور کارکردگی کو بھی جانچا جا رہا ہے۔ جن اساتذہ کی حاضری مکمل نہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔











