ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ

13

لودھراں،24 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے او پی ڈی، ایمرجنسی، مختلف وارڈز اور ریسپشن پر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے عملے کی حاضری، طبی مشینری کی دستیابی اور ہسپتال فارمیسی میں ادویات کے سٹاک کا موقع پر معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دل کے مریضوں کے لیے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی شفٹ وائز ڈیوٹیاں یقینی بنائی جائیں اور مریضوں کو ہسپتال سے ہی ادویات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے بازار سے ادویات تجویز کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ فائیکو اور ای این ٹی انڈوسکوپی مشینری کی دستیابی کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے ڈاکٹروں کے رویے، علاج معالجے اور ادویات کی فراہمی سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ہسپتالوں کے باقاعدہ دوروں سے سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آ رہی ہے اور مریضوں کا اطمینان اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کے بہتر علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خاور اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔