پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کی تاریخی پاسنگ آؤٹ پریڈ

17

ملتان:پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کے افسران و جوانوں کی شاندار اور پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان تھے، جبکہ مہمانِ اعزاز کمشنر ڈی جی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان صادق علی ڈوگر بھی موجود تھے۔چھ ماہ پر مشتمل تربیت مکمل کرنے والے مجموعی طور پر 339 افسران اور جوان پاس آؤٹ ہوئے، جن میں 49 افسران اور 290 جوان شامل تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں 13 خواتین افسران کی شمولیت فورس میں خواتین کے بڑھتے ہوئے فعال کردار کی عکاس ہے۔تقریب کے دوران پاس آؤٹ ہونے والے دستوں نے شاندار پریڈ پیش کی اور مہمانانِ خصوصی کو سلامی دی۔ افسران اور جوانوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور جسمانی فٹنس کو شرکاء کی جانب سے بھرپور سراہا گیا۔یہ پاسنگ آؤٹ پریڈ بارڈر ملٹری پولیس فورس کی 122 سالہ تاریخ میں پہلی باقاعدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ ہونے کے باعث غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے، جو فورس کی تنظیمِ نو، جدید خطوط پر تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کا واضح ثبوت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان عامر کریم خان نے پاس آؤٹ ہونے والے افسران اور جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید اور جامع تربیت ملک میں امن و امان کے قیام اور سرحدی علاقوں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج صادق علی ڈوگر نے مہمانِ خصوصی اور مہمانِ اعزاز کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تربیت یافتہ فورس چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔آخر میں پاس آؤٹ ہونے والے افسران اور جوانوں میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔