لاہور میں بسنت کی خوشیوں میں امریکی سفارتی وفد کی شرکت، ثقافتی سفارتکاری کا خوبصورت مظاہرہ

14

لاہور، 8 فروری (اے پی پی): بسنت کے رنگا رنگ تہوار کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی میزبانی میں امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکرٹری نے پتنگ بازی کی تقریبات میں شرکت کی اور لاہور کی ثقافتی رونقوں سے بھرپور لطف اٹھایا۔ اس موقع پر مہمان وفد نے لاہوری کھانوں، مقامی ثقافت، صدیوں پر محیط ثقافتی ورثے اور روایتی مہمان نوازی کو بے حد سراہا۔تقریب کے دوران سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں قوموں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں اور پاکستان اپنی خوبصورت روایات کے ذریعے دنیا کو دوستی اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی مثبت اور پرامن شناخت کو اجاگر کرتے ہیں۔سینئر وزیر نے امریکی سفارتی وفد کو روایتی پتنگ بازی سے روشناس کرایا جبکہ خوشگوار اور غیر رسمی ماحول میں باہمی دلچسپی کے امور پر دوستانہ تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی ثقافت، مہمان نوازی اور امن کے پیغام کے ساتھ دنیا سے جڑا ہوا ہے اور اس طرح کی تقریبات عالمی سطح پر مثبت تشخص کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔