ملتان، 9فروری)اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیرِ صدارت ستھرا پنجاب مہم کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے جامع جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملتان ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں ویسٹ کلیکشن، کے پی آئیز اور صفائی کی زمینی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ پورٹل پر ظاہر کی جانے والی کارکردگی اور زمینی حقائق میں واضح ہم آہنگی ہونی چاہیے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے مؤثر تجاویز دینے کی ہدایت کی۔
کمشنر ملتان نے ملتان سٹی اور صدر میں بیس انکلوژرز، کنٹینرز اور ڈرمز کی بروقت کلوننگ اور مرمت یقینی بنانے، جبکہ جن تحصیلوں میں ڈمپ سائٹس قائم نہیں ہو سکیں وہاں ان کے قیام کے لیے انتظامی اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے ڈمپنگ سائٹس کی صفائی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔
عامر کریم خاں نے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں ویسٹ کلیکشن کے نظام میں نمایاں بہتری لانے، ہیومن ریسورس سے متعلق مسائل فوری حل کرنے اور تنخواہوں میں کٹوتی و حاضری کے معاملات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ناقص کارکردگی دکھانے والے کنٹریکٹرز کو وارننگ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کمشنر ملتان نے عوامی مقامات، جنرل بس اسٹینڈز، اسپتالوں اور مرکزی بازاروں میں باقاعدہ صفائی شیڈول ترتیب دینے اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد بھٹی نے تفصیلی بریفننگ دی، جبکہ ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تحصیل منیجرز ستھرا پنجاب اتھارٹی نے شرکت کی۔











