ملتان، 10 فروری (اے پی پی):چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان کے وژن کے مطابق دیانت داری کے فروغ اور بدعنوانی کے خاتمےکیلئے آگاہی و تدارک (Awareness & Prevention) ونگ نیب ملتان کے زیرِ اہتمام خصوصی مطالعاتی دورے کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے مختلف تحصیل و اضلاع سے 13 گورنمنٹ کالجز کے طلباء اور فیکلٹی ممبران پر مشتمل وفد نے آج نیب ملتان کامطالعاتی دورہ کیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان،محمد ندیم خان نے وفد کو بدعنوانی کے خلاف نیب کی کارروائی کے طریقہ کار، دائرہ اختیاراوراہداف کے حصول و کاوشوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا،مزید یہ کہ کسی بھی ملک کی ترقی و خوشحالی میں نوجوان نسل کا کردار اولین حیثیت رکھتا ہےجس کے لئے نیب اور تعلیمی اداروں کا اشتراک جاری رہے گا تاکہ وطنِ عزیز سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔
اساتذہ وطلبہ کو نیب ملتان کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا۔وفد کے ارکان کو نیب کے آپریشنل طریقہ کار، انکوائری و انویسٹی گیشن کے مراحل اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے رائج جدید ترین نظام کے بارے میں عملی طور پر بریفنگ دی گئی۔ اس طرح کے دوروں کا اصل ہدف نوجوان نسل میں سماجی ذمہ داری کا شعور بیدار کرنا اور انہیں ملک سے کرپشن ختم کرنے کی مہم کا حصہ بنانا ہے۔
اساتذہ وطلبہ نے عزم کیا ہے کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں اور نجی زندگی میں امانتداری اور اخلاقی اقدار کو فروغ دے کر ایک شفاف معاشرےکی بنیاد رکھیں گے۔











