محکمہ ایکسائز پنجاب کا بڑا عوامی اقدام، گاڑی مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے “پاک آئی ڈی ایپ” کا افتتاح

18

لاہور، 16 فروری (اے پی پی): محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے عوامی سہولت کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گاڑی مالکان کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے “پاک آئی ڈی ایپ” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت اب پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی گاڑی مالکان گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹرانسفر اور خرید و فروخت کے لیے مالکان کو تصدیق کی غرض سے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ای پے اور دیگر سروسز کے ذریعے واجبات کی آن لائن ادائیگی ممکن ہو گی جس سے ٹرانسفر کا عمل مزید شفاف بنایا جا سکے گا۔

پاک آئی ڈی ایپ کا افتتاح ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے اپنے دفتر سے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایپ کا بنیادی مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے جبکہ سسٹم میں شفافیت اس کا اضافی فائدہ ہو گا جو آن لائن تصدیق سے حاصل کیا جا سکے گا۔حکام کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کا اجراء نادرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے محکمہ ایکسائز اپنا ڈیٹا نادرا کے ساتھ شیئر کرے گا جس سے چاروں صوبوں کے گاڑی مالکان کی آن لائن تصدیق کا مربوط نظام قائم ہو سکے گا۔

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ گاڑی مالکان کی تصدیق نہ صرف شہریوں بلکہ محکمہ ایکسائز کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج تھی۔ بیرون ملک مقیم مالکان کو تصدیق کے لیے پاور آف اٹارنی دینا پڑتی تھی جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کو سفارت خانوں کے چکر لگانا پڑتے تھے۔ اے ڈی آر کے باعث ملکیت کی تبدیلی بھی ایک بڑا مسئلہ بنی ہوئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب شہری کہیں سے بھی فیس آئی ڈی اور بائیو میٹرک کے ذریعے گاڑی کی ملکیت منتقل کر سکیں گے، خصوصاً بزرگ شہریوں کے لیے فیس آئی ڈی بڑی سہولت ثابت ہو گی۔ پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پنجاب کی تقریباً دو کروڑ ساٹھ لاکھ گاڑیوں کی ملکیت کی تبدیلی مزید آسان بنائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق ملکیت کی تصدیق اور فیس کی ادائیگی کے بعد 48 گھنٹوں کے اندر ٹرانسفر کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔