ملتان ، 19 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا قاسم نون نے ضلع ملتان کی تحصیل شجاع آباد اور تحصیل جلالپور پیر والا میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا افتتاحی تقریبات بستی بنگلہ، موضع گردیز پور تحصیل شجاع آباد اور موضع وہی ساندیلا تحصیل جلالپور پیر والا میں منعقد ہوئیں جہاں مقامی عمائدین، سماجی شخصیات، متعلقہ محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا قاسم نون نے کہا کہ عوام کو صاف اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے قیام سے آلودہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عوام کو صحت مند زندگی میسر آئے گی۔ پانی ایک بہت بڑی نعمت ہے واٹر فلٹریشن پلانٹ سے پورا علاوہ مستفید ہوتا ہے اور رمضان المبارک میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے گا ۔ وفاقی وزیر نے اس منصوبے میں تعاون پر آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی مینجمنٹ بالخصوص منیجنگ ڈائریکٹر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فلٹریشن پلانٹس کی مستقل دیکھ بھال،بروقت فلٹرز کی تبدیلی اور شفاف آپریشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبے طویل مدت تک مؤثر انداز میں عوام کو سہولت فراہم کرتے رہیں۔دوسری جانب علاقہ مکینوں نے فلٹریشن پلانٹس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت اور وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی ان کا دیرینہ مسئلہ تھا جس کے حل سے انہیں بڑا ریلیف ملا ہے اور روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔افتتاح کے بعد وفاقی وزیر نے منصوبوں کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔











