ایبٹ آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد

8

ایبٹ آباد، 09 مئی (اے پی پی):ایبٹ آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات،پارٹی کارکنان،تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،ریلی میں شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ افواج پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے،ریلی کی قیادت سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، سابق ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ،ممبر قومی اسمبلی شائستہ جدون اور ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) ملک محبت اعوان نے کی،ریلی لیڈی گارڈن سے شروع ہوئی اور شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب ایبٹ آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے،رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،مقررین نے آپریشن بنیان المرصوص کو قومی سلامتی کے لیے ایک اہم اور موثر اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور ملک میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا،انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے،ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی،شہداء کی بلندی درجات اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔