تھیلیسیمیا فائٹر بچے کی خواہش پر کمشنر ملتان نے سرکاری گاڑی میں شہر کا دورہ کرا دیا

20

ملتان ،09 مئی (اے پی پی):عالمی یومِ تھیلیسیمیا کے موقع پر ہدیہ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ملتان گھنٹہ گھر کو سرخ روشنیوں سے روشن کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے تھیلیسیمیا کے شکار بچوں سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ تقریب امید، محبت اور انسانیت کے خوبصورت جذبوں کی عکاس رہی۔تقریب میں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے خصوصی شرکت کی اور تھیلیسیمیا فائٹرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کے حوصلے اور ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچے معاشرے کے لیے امید، عزم اور بہادری کی علامت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا صرف ایک بیماری نہیں بلکہ ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے، اور ان بچوں کی مسکراہٹیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر معاشرہ ساتھ دے تو کوئی مشکل بڑی نہیں رہتی۔تقریب میں سابق صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و چیئرمین فرینڈز گروپ میاں فضل الٰہی شیخ، سابق صدر ملتان چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری شیخ فیصل سعید، صدر ہدیہ فاؤنڈیشن شیخ حسن سعید، منیجنگ ڈائریکٹر ہدیہ فاؤنڈیشن حافظ عمیر سعید، محسن شاہین، میڈم شہگی پیرزادہ، محمد نبیل خان، سید عاصم رضا شاہ اور دیگر سماجی و کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب کے دوران ایک جذباتی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب تھیلیسیمیا کے شکار ایک بچے نے کمشنر ملتان سے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی زندگی کا سب سے بڑا خواب کمشنر بننا ہے۔ بچے کی بات سن کر کمشنر عامر کریم خان نے نہ صرف اس کی حوصلہ افزائی کی بلکہ اسے پروٹوکول کے ساتھ اپنی سرکاری گاڑی میں بٹھا کر شہر کا دورہ بھی کرایا۔بچے نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیماری سے ہمت کے ساتھ لڑے گا اور ایک دن ضرور کمشنر بنے گا۔ تقریب میں موجود شرکاء نے اس خوبصورت انسانی جذبے کو بھرپور سراہا اور اسے بچوں کے لیے امید و حوصلے کی روشن مثال قرار دیا۔