ملتان، 21 مئی (اے پی پی)::پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس ملتان میں مرکزی پرچم کشائی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک چین دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے تقریب کی صدارت کی اور قومی پرچم کے ساتھ چین کا پرچم بھی لہرایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، سی پی او صادق علی ڈوگر، اراکین اسمبلی، سیاسی رہنما، ٹکٹ ہولڈرز اور معززین شہر بھی شریک ہوئے۔
صبح 9 بجے پاکستان اور چین کے پرچم بیک وقت سربلند کیے گئے جبکہ سائرن بجا کر خاموشی اختیار کی گئی۔ پولیس، سول ڈیفنس اور ریسکیو کے چاک و چوبند دستوں نے قومی سلامی پیش کی۔ بعدازاں کمشنر عامر کریم خان، ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خان نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور لازوال دوستی کی روشن مثال ہیں اور ہر آزمائش میں یہ دوستی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے کر سچے دوست ہونے کا ثبوت دیا جبکہ سی پیک سمیت متعدد منصوبے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق چین کے تعاون سے پاکستان میں انفراسٹرکچر، توانائی اور معیشت کے شعبوں میں نمایاں ترقی ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے جبکہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔
تقریب کے اختتام پر کمشنر عامر کریم خان نے پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔











