وفاقی محتسب کا اسٹیٹ لائف انشورنس کو 81 لاکھ روپے کے ڈیتھ کلیم کی فوری ادائیگی  کا حکم

23

ملتان، 22مئی(اے پی پی): وفاقی محتسب نے اسٹیٹ لائف انشورنس کوبیوہ خاتون کی شکایت پر 81 لاکھ روپے کے ڈیتھ کلیم کی فوری ادائیگی کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ملتان کی رہائشی بیوہ فرزانہ ریاض نے وفاقی محتسب ملتان دفتر میں شکایت درج کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا  کہ اس کے مرحوم شوہر نے  اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سے بیمہ زندگی کی پالیسی خرید کی، جس کے بعد اس کا انتقال ہو گیا، جس پر بیوہ خاتون نے اسٹیٹ لائف کارپوریشن کو متعلقہ پالیسی کا ڈیتھ کلیم فارم جمع کروایا۔ لیکن متعلقہ ادارہ اس کی دادرسی نہیں کر رہا،

جس پر وفاقی محتسب کے ریجنل ہیڈ و سینئر انوسٹی گیشن آفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے تفتیش مکمل کرتے ہوئے  اسٹیٹ لائف کو فوری طور پر بیوہ خاتون کو 81 لاکھ روپے کا ڈیتھ کلیم ادا کرنے کا حکم صادر کیا، جس پر شکائت کنندہ نے ڈاکٹر زاہد ملک اور وفاقی محتسب کے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر زاہد ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ کے تمام فیصلوں کو جلد از جلد عملدرآمد کروائیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی ادارے کی جانب سے کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس اپنی شکایات سادہ کاغذ پر لکھ کر وفاقی محتسب کے ادارے میں جمع کروا سکتے ہیں، تمام عوامی مسائل قوائد و ضوابط کے مطابق حل کروانا وفاقی محتسب کی زمہ داری ہے جو بلا معاوضہ اور بلا تاخیر جاری رہے گی۔