سیالکوٹ: سوشل سکیورٹی ہسپتال کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن منصوبے کا افتتاح

2

سیالکوٹ, 05 ستمبر (اے پی پی (:وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے سوشل سکیورٹی ہسپتال ڈسکہ روڈ سیالکوٹ کی ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، محکمہ سوشل سکیورٹی کے افسران، مزدور نمائندگان اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن سیالکوٹ کے فیکٹری ورکرز اور ان کے خاندانوں کے لیے انتہائی اہم اقدام ہے، کیونکہ شہر میں لاکھوں افراد کا روزگار صنعتی شعبے سے وابستہ ہے۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ پنجاب میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کے لیے بڑا ناسور ہے اور اس کے خلاف مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ سیالکوٹ میں 500 بستروں پر مشتمل ڈسٹرکٹ ہسپتال میں توسیع اور ہاٹ سرجری کی سہولت فراہم کرنے سمیت دیگر صحت کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کو جدید، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی برادری اور محنت کش طبقہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مزدوروں کی فلاح و بہبود دراصل ملکی معیشت کی مضبوطی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سوشل سکیورٹی اداروں کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔