چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے بچوں کی ایچی سن انٹر سکول ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی

1

لاہور، 07اکتوبر ( اے پی پی )  : چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے زیرِ کفالت بچوں نے دوسری ایچی سن انڈر 14 ایتھلیٹکس انٹر سکول چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

بیورو کے بچوں نے مختلف ایتھلیٹکس مقابلوں میں بھرپور جوش، عزم، اعتماد اور بہترین اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ، سلور اور برونز میڈلز اپنے نام کیے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ایتھلیٹ اسد حنیف نے 400 میٹر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے گولڈ میڈل جبکہ محمد حسن نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے سلور میڈل اپنے نام کیا۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے بچوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ٹیم کا چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنا قابلِ فخر کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی یہ شاندار کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے عزم کی عکاس ہے۔ کھیل بچوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ بچوں کو تحفظ اور نگہداشت کے ساتھ ساتھ تعلیم، کھیل اور دیگر مثبت و تعمیری سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے زیرِ کفالت بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور مناسب مواقع، تربیت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے یہ بچے ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیورو کے زیرِ کفالت بچوں کو کھیلوں سمیت مختلف مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ بچوں میں کھیلوں کے فروغ اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے اسپورٹس کوچ بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو باقاعدہ تربیت اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں، کوچ اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی کامیابی چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے لیے باعثِ فخر اور ان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق بچوں کو محفوظ، بااعتماد، باصلاحیت اور کامیاب شہری بنانے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی سرگرمیاں مزید جاری رکھی جائیں گی۔