خانیوال: مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف ‘یومِ سیاہ’ کے موقع پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد

1

خانیوال، 27 اکتوبر (اے پی پی( :مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور غاصبانہ قبضے کے خلاف ضلعی انتظامیہ خانیوال کی جانب سے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ‘یومِ سیاہ’ کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت رکنِ قومی اسمبلی (ایم این اے) محمد خان ڈاہا اور ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد نے کی۔ ریلی کا آغاز ڈسٹرکٹ جناح لائبریری کمپلیکس سے ہوا جو ڈی پی او آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے آغاز پر سائرن بجایا گیا اور کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔

ریلی میں سرکاری افسران و ملازمین، سیاسی و سماجی شخصیات، وکلاء، علماء، طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر فضا “کشمیر بنے گا پاکستان” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی عزم و حوصلے کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور ان کی امنگوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔

رکنِ قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ان شاء اللہ ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور انہیں ظلم و جبر سے نجات ملے گی۔