عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، آئی جی بلوچستان

7

کوئٹہ، 12 نومبر (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کے استحکام کے لیے پولیس اہلکار دستیاب وسائل کے مطابق محنت، لگن اور ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ عام شہریوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کیچ (تربت)کے دورے کے دوران منعقدہ پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پولیس دربار میں ڈسٹرکٹ پولیس، ٹریفک پولیس اور خواتین پولیس اہلکاروں نے شرکت کی، جہاں آئی جی پولیس نے اہلکاروں کے مسائل سنے اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید پولیسنگ نظام کے تحت اقدامات جاری ہیں۔ پولیس فورس کو عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے استحکام کے لیے پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور عوام کے تحفظ کے لیے یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ پولیس فورس کا عزم ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

x