اوکاڑہ:معاشرتی تضاد کےخاتمے کےعالمی دن پراوکاڑہ یونیورسٹی میں سیمینار کا انعقاد

182

اوکاڑہ،01مارچ اے پی پی)اوکاڑہ یونیورسٹی میں شعبہ عمرانیات ، شعبہ نفسیات اور شعبہ بشریات نے معاشرتی تضاد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا جس میں اساتذہ اور طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ عمرانیات کی سربراہ ڈاکٹر سمیرۃالحسننے کہا کہ معاشرے سے تضاد ختم کرنے کےلیے اعلی تعلیم کےادارے  تمام طبقات کو تعلیم کی مساوی سہولیات فراہم کر کے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شعبہ نفسیات کی سربراہ زویا یعقوب کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تاریخی اعتبا رسےپدرشاہی نظام اور نسلی نظام کے پرچار کے باعث تضاد لوگوں کے رویے میں گھر کر چکا ہے۔ اگر ہم نے معاشرے سے تضاد ختم کرنا ہے تو ہمیں پہلے انسانی رویوں کی تشکیل نو کرنا ہو گی۔

شعبہ بشریات کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد فرید نے بتایا کہ ہمارا معاشرہ ثقافتی اور تاریخی اعتبار سے تضاد کی طرف مائل ہے اور اس کا حل محض تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ایک مساوی معاشرے کے قیام کےلیے ہماری یونیورسٹیوں کو نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اس انداز سے کرنا ہو گی کہ وہ ہر مکتبہ فکر اور ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو نہ صرف قبول کریں بلکہ ان کو معاشرتی دھارے میں شامل کرنے کےلیے کاوش بھی کریں۔