ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی پوری قوم کو عید کی مبارکباد،اسوہ عید قرباں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین

14

لاہور، 21جولائی  (اے پی پی): معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عیدالضحی کے موقع پر اپنے وڈیو پیغام میں پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی ڈھیروں خوشیوں کی مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالضحی صبر، ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عیدالضحی خوشنودی خدا کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا پیغام لیکر آتی ہے۔اسوہ عید قرباں پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید کی خوشیاں ضرور منائیں مگر احتیاط کیساتھ ،عید کے خوشیوں بھرے لمحات میں کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اپنائیں،اپنی عید کی خوشیوں میں کمزور اور نادار افراد کو بھی شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ عیدالضحی کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہم مسلم امہ کو ایک لڑی میں پرو سکتے ہیں، جذبہ ایثار و قربانی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی،قربانی کا جذبہ عالمگیریت کا پیکر ہے۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے اتفاق و اتحاد، ایثار و قربانی کے جذبہ کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت پر مامور ہمارے سکیورٹی اداروں ،شہداء اور غازیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم کی چکی میں پسنے والے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے کہا کہ خدا تعالی ہمیں عیدالضحی کے فلسفہ کو سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔