وہاڑی؛ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے  ریلی کا انعقاد

32

وہاڑی،05 اگست(اے پی پی ): یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے  ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مظلوم کشمیر یوں سے اظہاریکجہتی کیلئے صبح 9بجے سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور ایک منٹ کے لئے ٹریفک بھی روک دی گئی۔ پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے چلا کر اظہار یک جہتی کیا گیا۔

مظلوم کشمیریوں  کے جوش وجذبے کو سلام پیش کرنے ، ان کے حقوق کی آواز  بلند کرنے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے  ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خا تمہ کو 2 سال ہو گئے ہیں لیکن کشمیریوں کا جوش وجذبہ اپنی جگہ قائم ہے بھارت کے غیر قانونی قبضہ کو برقرار رکھنے کے لیے بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں محاصرہ کر رکھا ہے،پاکستانی کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد 5اگست 2019ء کو بھارتی اقدامات کو بے نقاب کرنا ہے، “آزادی” مقبوضہ کشمیر کے عوام کا مقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا ،پاکستانی قوم ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی ۔

اس موقع پر ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا کہ ہم بھارت کا بد ترین چہرہ عالمی برداری کے سامنے بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، موجودہ حکومت نے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے ،مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے زاہد اقبال نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے  بھارتی مظالم کسی صورت قابل برداشت نہیں ایک دن  کشمیر بنے گا پاکستان ۔