ملتان؛ واسا کی سیوریج اور واٹر سپلائی کے ماہانہ بلوں کی وصولی کے لئے مہم میں تیزی

17

ملتان، 22 ستمبر (اے پی پی ):واسا  کی سیوریج اور واٹر سپلائی کے ماہانہ بلوں کی وصولی کے لئے شعبہ ریکوری کی ڈسکنکشن مہم میں تیزی آ گئی ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے بھی شعبہ ریکوری کو سخت محنت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور ستمبر 2021 کے مہینے کے ریکوری ٹارگٹ کوپورا کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد سمیت تمام ریکوری افسران کو ریکوری میں اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے اور ستمبر کے مہینے کے لیے کم ازکم ٹارگٹ 6 کروڑ روپے مقرر کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

 انہوں نے اس دوران ریکوری سٹاف کو ہدایات دیتے  ہوئے کہا کہ واسا اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والا ادارہ ہے جس کے اپنے تمام تر اخراجات کا انحصار صارفین سے وصول ہونے والے بلوں کی رقوم پر ہے، ریکوری سٹاف  دیرینہ واجبات کے ساتھ ساتھ کرنٹ ریکوری پر خاص توجہ مرکوز کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کی عزت ہماری ورکنگ سے ہے ہمیں اپنی عزت بڑھانے اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سب کو ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئےریکوری ٹارگٹ کو ہر مہینے بتدریج بڑھانا ہوگا بصورت دیگر تنخواہوں،پنشن،بجلی،تیل کے اخراجات کی ادائیگی مشکل ہو جائے گی۔

 انہوں نے واسا ڈیفالٹرز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا  حکم دیا ہے جبکہ ریکوری سٹاف پر واضح کیا کہ کرنٹ ریکوری پر خاص توجہ دی جائے ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے سٹاف کے خلاف ایکٹ لیا جائے گا انہوں نے اس دوران صارفین کو بھی آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واسا واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کو فراہمی و نکاسی آب کی سروسز کو مزید بہتر کیاجا سکے۔