مجھ سے پہلے ڈپٹی سپیکر نے اس منصب کا وقار مجروح کیا ، میں ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا وقار بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا،نومنتخب ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی

8

اسلام آباد۔21اپریل  (اے پی پی):نومنتخب ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ مجھ سے پہلے ڈپٹی سپیکر نے اس منصب کا وقار مجروح کیا ہے، میں ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا وقار بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں بلا مقابلہ  ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے پارٹی قائدین اور پورے ایوان کا انہیں ڈپٹی سپیکر منتخب کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی جماعت جے یو آئی (ف)  اور ان کے خاندان نے ہمیشہ  آئین اور قانون کا احترام کیا ہے ۔ مجھ سے پہلے اس منصب پر موجود شخص نے اس کرسی کا وقار مجروح کیا ہے ۔ میں پوری قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ اس منصب کا وقار بحال کروں گا اور ہمیشہ آئین اور قانون کی پابندی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کے مسائل ہیں اس سلسلے میں وزیر اعظم سے درخواست کروں گا ۔  میرا حلقہ ملک کا سب سے بڑا حلقہ ہے جس کی آبادی بارہ لاکھ سے زائد ہے۔ وزیراعظم سے خود بات کرکے مسائل حل کروائیں گے۔ میں بلامقابلہ منتخب کرنے پر سب کا شکرگزار ہوں میری کوشش ہوگی کہ آئین اور قانون کے مطابق اپنی آذمہ داریاں نبھائوں۔