ترقی اور آفات سے نمٹنے کیلئے  یو این ڈی پی، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ تعاون پر تیار ہیں؛ عمارہ درانی

32

لاہور،11 مئی ( اے پی پی ) : یو این ڈی پی کی چیف ڈویلپمنٹ پالیسی یونٹ عمارہ درانی نے کہا ہے کہ  ترقی اور آفات سے نمٹنے کیلئے  یو این ڈی پی، پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ تعاون پر تیار ہیں، پنجاب میں نجی سیکٹر کا جواب حوصلہ افزا، منصوبے نچلی سطح تک جانے سے ترقی ممکن ہے ۔

یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام(یو این ڈی پی)کے زیر اہتمام پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ پر مشاورت کے حوالے سے منعقدہ  ورکشاپ کیبعد ”اے پی پی ”سے گفتگو کرتے ہوئے عمارہ درانی نے  کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم قدرتی آفات کے دوران فنڈنگ میں معاونت کے لئے لاہور سے اس کا آغاز کر رہے ہیں جس میں حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ موجودہ حکومت قدرتی آفات کے دوران نجی شعبہ کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور مالی وسائل کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

عمارہ درانی نے کہا کہ ہم نچلی سطح پر عوام کو انشورنس کروانے کی ترغیب دے رہے ہیں تا کہ کسی بھی نا گہانی صورتحال میں انہیں مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔