یومِ عاشور پر قبرستان میں رش

7

وہاڑی، 09 اگست (اے پی پی):محرم الحرام کے مہینے میں بالخصوص یوم عاشور پر  شہریوں کی بڑی تعداد نے قبرستانوں کا رخ کرلیا جہاں پر لوگ خود سے بچھڑے ہوئے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے اور انکی بخشش کی دعاکرتے دکھائی دیتے ہیں اور وہ قبروں پر پھول نچھاور کرکے اپنے پیاروں کی یاد تازہ کرتے اور محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے  کہ یومِ عاشور پر قبرستان جانے کی سب سے اہم بات نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسوں کی عظیم قربانی کی یاد کو زندہ رکھنا بھی مقصود ہے۔  امام حسین علیہ السلام کی اسلام کی خاطر عظیم قربانی امت مسلمہ کے لئے مشعلِ راہ بھی ہے۔قبرستان میں شہری اپنے پیاروں کی قبروں پر مٹی ڈال کر قبروں کی مرمت بھی کرتے ہیں۔اس فانی دنیا کو ایک دن سب نے چھوڑ کر جانا ہے شہری کہتے ہیں بچوں کو قبرستانوں میں ساتھ لیکر جانا اچھی ریت ہے تاکہ کل وہ بھی ہماری قبروں پر آئیں اور فاتحہ خوانی کریں اور ہمارے لیے بھی بخشش کی دعاکرینگے۔

یومِ عاشور پر شہریوں کی بڑی تعداد قبرستانوں کا رخ کرلیتی ہے جس سے نہ صرف اپنے پیاروں کی یاد تازہ کی جاتی ہے بلکہ قبروں کی مرمت بھی کرلی جاتی ہے۔