وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس ، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے امور کا جائزہ لیا گیا

12

لاہور4 نومبر( اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے امور کا جائزہ لیا گیاوزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلئے نئی سی ٹی سکین مشین اور تھیلیم سکین مشین خریدنے کی منظوری دے دی اور کہا کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو نئی مشینیں خریدنے کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کیے جائیں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے نیا دوا خانہ بنایا جائے گا۔نئے دواخانے کی تعمیر سے مریضوں کو ادویات لینے کیلئے بالائی منز ل نہیں جانا پڑے گا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منظوری دے دی اور کہا کہ محکمہ توانائی کے ساتھ مشاورت سے ادارے کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا پلان مرتب کیا جائے،کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کیلئے وضع کردہ پالیسی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فارمیسی سٹورز میں توسیع کا پلان بنایا جائے،کارڈیالوجی ٹاور کی تعمیر کیلئے محکمہ تعمیرات و مواصلات سے مل کر پلان کو حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے کہا کہ جینیٹوریل اور سکیورٹی کی منظور شدہ خالی آسامیوں پر قواعد و ضوابط کے تحت بھرتی کی جائے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر بلال محی الدین نے ادارے کی کارکردگی اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ روزانہ تقریباً 2500 مریضوں کو مفت ادویات دی جا رہی ہیں۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔