اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کی خاطر تختہ دار کو چوما، اب شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھنا اور گھر گھر پر پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نےان خیالات کا اظہار بدھ کو کری روڈ راولپنڈی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سپیکر نے کہا کہ 30 نومبر 1967 کوشہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ورکر پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے راولپنڈی ڈویژن کو ہمیشہ عزت دی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے شہر راولپنڈی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا۔











